سعودی عرب کا سوڈان میں جنگ روکنے اور سیاسی مستقبل کی راہ ہموار کرنے پر زور
ریاض،19؍دسمبر(ایجنسی)سعودی عرب نے خانہ جنگی سے دوچار سوڈان میں لڑائی بند کرنے اور ملک میں سیاسی مستقبل کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے کہا کہ سوڈان کے بحران کے خاتمے کا حل لڑائی روکنے، سوڈانی عوام کی خواہشات کے مطابق مستقبل کے سیاسی عمل کے آغاز اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ سوڈان کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانا، اس کے اتحاد، خودمختاری اور آزادی کا تحفظ کرنا اور اس میں غیر ملکی مداخلت کو روکنا ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی جانب سے سے اسلامی جمہوریہ موریطانیہ میں سوڈان میں امن کے اقدامات اور کوششوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے سے متعلق تیسرے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے دوران کہی۔نائب وزیر خارجہ نے زور دیا کہ سوڈانی عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے سعودی عرب نے ذمہ دارانہ کوششیں کیں اور موجودہ بحران کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ سعودی عرب نے امریکہ کے ساتھ مل کر سوڈان اور جدہ میں متحارب فریقوں کے درمیان بات چیت کی میزبانی کی۔ جدہ مذاکرات میں دونوں متحارب فریقوں نے سوڈان میں شہریوں کے کی خاطر ایک مختصر مدت کے جنگ بندی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے دور میں سوڈان میں ایک پائیدار سیاسی حل تلاش کرنے، سوڈان کی سلامتی اور استحکام، ریاست اور اس کے اداروں کی ہم آہنگی کو محفوظ رکھنے اور لڑائی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔الخیریجی نے سوڈان میں لڑائی کو روکنے اور سوڈانی عوام کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے برادر عرب اور اسلامی ممالک اور دوست ممالک کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ “مملکت اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ سوڈانی بحران کا حل لڑائی کو روکنے اور سوڈانی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ردعمل کو مضبوط بنانے اور پھر سوڈانی سیاسی مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں مضمر ہے۔