منموہن سنگھ کے انتم سنسکار پر گھمسان، راہل گاندھی کے الزام پر جے پی نڈا کا جوابی حملہ
نئی دہلی ، 28 دسمبر (ایجنسی) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے لیے جگہ کے انتخاب اور ان کے نام پر یادگار کو لے کر سیاسی ہنگامہ مچ گیا ۔ جہاں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر سابق وزیر اعظم کی یاد کی ‘توہین’ کرنے کا الزام لگایا تو وہیں بی جے پی صدر جے پی نڈا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سابق وزیر اعظم کے افسوسناک انتقال پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔2004 سے 2014 تک ہندوستان کے وزیر اعظم رہے ڈاکٹر منموہن سنگھ کا 26 دسمبر کو 92 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ انہوں نے جمعرات کو دہلی کے ایمس میں آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات ہفتہ کو نگم بودھ گھاٹ پر پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے آخری رسومات کی جگہ کے انتخاب کو ڈاکٹر سنگھ کی ’توہین‘ بتایا۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے خود راہل گاندھی کے الزامات کا جواب دیا ہے۔ کانگریس کے الزام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور موجودہ صدر ملکارجن کھرگے سابق وزیر اعظم کے افسوسناک انتقال پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔’نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی یادگار کے لیے جگہ مختص کی تھی اور اس کے بارے میں ان کے خاندان کو بھی مطلع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ‘کانگریس کی ایسی چھوٹی سوچ کے لیے جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ کانگریس جس نے منموہن سنگھ کو زندہ رہتے ہوئے کبھی حقیقی عزت نہیں دی، اب ان کے احترام کے نام پر سیاست کر رہی ہے‘۔اس سے پہلے کانگریس نے مرکزی حکومت پر ملک کے پہلے سکھ وزیر اعظم منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے لیے مناسب جگہ فراہم نہیں کرنے کا الزام لگایا ہے، جہاں بعد میں ان کی یادگار بنائی جا سکتی تھی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے نگم بودھ گھاٹ پر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کروا کر ‘مادر ہند کے عظیم فرزند اور سکھ برادری کے پہلے وزیر اعظم’ کی سراسر توہین کی ہے۔