ایرانی صدر ڈی-ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر کا دورہ کریں گے
تہران،17؍دسمبر(ایجنسی) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان جمعرات کو مصر میں بڑے مسلم ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ایک عشرے سے زائد کے عرصے میں یہ کسی ایرانی صدر کا مصر کا پہلا دورہ ہے۔مصر اقتصادی تعاون کی تنظیم ڈی-ایٹ کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی بھی شامل ہیں۔حالیہ عشروں میں مصر اور ایران کے درمیان تعلقات عموماً کشیدہ رہے ہیں لیکن گذشتہ سال غزہ کا بحران سامنے آنے کے بعد سے دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط میں اضافہ کیا ہے کیونکہ مصر اس معاملے پر ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے مصری حکام سے علاقائی مسائل پر بات چیت کے لیے اکتوبر میں مصر کا سفر کیا تھا جبکہ ان کے مصری ہم منصب بدر عبد العاطی نے جولائی کے شروع میں پیزشکیان کے عہدۂ صدارت کے افتتاح میں شرکت کے لیے تہران کا دورہ کیا۔بقائی نے ہفتہ وار ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی نیوز کانفرنس میں کہا، “ہمارے پاس ڈی-ایٹ کے نام سے معروف تنظیم کا اہم سربراہی اجلاس ہے۔ وزیرِ خارجہ وزارتی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور پھر صدر کی شرکت کے ساتھ سربراہی اجلاس منعقد ہو گا”۔بقائی نے مزید کہا کہ ایران سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک ممالک کے ساتھ علاقائی اور دو طرفہ امور پر تبادلۂ خیال کرے گا۔ڈی-ایٹ تنظیم 1997 میں جنوب مشرقی ایشیا سے افریقہ تک پھیلے ہوئے ممالک کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لیے قائم کی گئی تھی۔