برسبین ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں کس طرح پہنچے گی؟
برسبین،18؍دسمبر(ایجنسی)بارڈر-گواسکر ٹرافی میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین کے گابا میں کھیلا جا رہا تیسرا ٹیسٹ میچ آج ڈرا ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) ایک دلچسپ مرحلہ میں شامل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے آئندہ 2 ٹیسٹ میچ انتہائی اہم ثابت ہونے والے ہیں، کیونکہ اس کے فائنل میں پہنچنے کی راہ بہت حد تک ان 2 ٹیسٹ میچوں پر ہی منحصر ہے۔ ہندوستان کے لیے آگے کی راہ بہت آسان دکھائی نہیں دے رہی، لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ راستہ بند ہو چکا ہے۔ڈبلیو ٹی سی کا پوائنٹس ٹیبل دیکھیں تو اس وقت جنوبی فریقہ 63.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر قابض ہے۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے پوائنٹس میں تھوڑی تبدیلی ہوئی ہے، لیکن یہ دونوں ہی دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔ آسٹریلیا 58.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان 55.88 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کا قبضہ ہے جس کے 48.21 فیصد پوائنٹس ہیں، اور پانچواں مقام 45.45 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا کو حاصل ہے۔ اصل مقابلہ اوپری 3 ٹیموں کے درمیان ہی ہے، ان کے علاوہ باقی ٹیمیں ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ سے باہر ہی ہو چکی ہیں۔جہاں تک ہندوستانی ٹیم کے لیے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کا سوال ہے، تو ہندوستان کو یقینی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے آئندہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔