اتر پردیش

گورکھ ناتھ آیوش یونیورسٹی طبی تعلیم کے میدان میں سنگ میل ثابت ہوگی: مرمو

گورکھپور ، یکم جولائی (ایجنسی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو کہا کہ مہایوگی گرو گورکھ ناتھ آیوش یونیورسٹی روایتی طبی تعلیم کے میدان میں سنگ میل ثابت ہوگی۔گورکھپور کے پپری بھٹہٹ میں واقع ریاست کی پہلی آیوش یونیورسٹی کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہماری قدیم روایات کا ایک نو تعمیر شدہ اور متاثر کن جدید مرکز ہے ۔ وہ اس یونیورسٹی کا افتتاح کرکے بہت خوش ہیں۔ یہ یونیورسٹی نہ صرف اتر پردیش بلکہ پورے ملک میں طبی تعلیم اور ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہاں اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات تعمیر کی گئی ہیں۔ عام لوگوں کو ان سہولیات کا فائدہ ملے گا۔ اس یونیورسٹی سے وابستہ 100 آیوش کالج یہاں کی بہترین کارکردگی سے مستفید ہو رہے ہیں۔ یہاں آیوش سسٹم میں گریجویشن سے لے کر اعلیٰ سطح تک ریسرچ کا کام ہو رہا ہے ۔ یہاں آیوش سے متعلق روزگار پر مبنی کورسز کی تعلیم بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ روایتی طبی طریقوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق عالمی اور قابل قبول بنانے کے لئے یہاں تحقیقی کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔محترمہ مرمو نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش کی اس پہلی آیوش یونیورسٹی کے شاندار تصور اور تعمیر کے لیے مبارکباد کے مستحق ہیں۔قبل ازیں صدر جمہوریہ نے یونیورسٹی کیمپس میں رودراکش کا پودا لگایا اور وہاں موجود بچوں میں چاکلیٹ تقسیم کیں۔اس موقع پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ دیگر عوامی نمائندے اور معززین موجود تھے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button