ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ہوائی اڈے کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ

احمد آباد، 12 جون (ایجنسی) احمد آباد سے لندن جانے والا ایئر انڈیا کا ڈریم لائنر بوئنگ 787-8 طیارہ جمعرات کی دوپہر سردار پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔سرکاری اطلاعات کے مطابق فلائٹ نمبر AI 171 میں 230 مسافر، دو پائلٹ اور عملے کے 10 دیگر ارکان سوار تھے ، جن کے زندہ بچ جانے کی امید نہیں ہے ۔ ان مسافروں میں 169 ہندوستانی، 53 برطانوی، سات پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل ہے ۔ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کا نام بھی مسافروں کی فہرست میں شامل ہے ۔ اس طیارے کو 2016 میں ایئر لائنز کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) نے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ڈی جی سی اے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے وی ٹی-اے این بی نے احمد آباد سے لندن کے گیٹوک ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری تھی لیکن اس کے فوراً بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کی کمانڈ کیپٹن سمیت سبھروال کر رہے تھے اور اس کے ساتھ فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر بھی تھے ۔ کیپٹن سمیت سبھروال 8200 گھنٹے کا تجربہ رکھنے والے پائلٹ ہیں۔ شریک پائلٹ کو 1100 گھنٹے پرواز کا تجربہ تھا۔ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے مطابق طیارے نے رن وے نمبر 23 سے دوپہر 1 بج کر 39 منٹ پر ٹیک آف کیا۔ ٹیک آف کے چند لمحوں بعد اس نے اے ٹی سی کو ‘مے ڈے یعنی ایک سنگین ایمرجنسی کا اشارہ دیا، لیکن اس کے بعد اے ٹی سی کی طرف سے کی گئی کال پر ہوائی جہاز سے کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے فوراً بعد طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں گرا اور جائے حادثہ سے کالا دھواں نکلنا شروع ہوگیا۔ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے بعد ایئرپورٹ سے تمام پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے ۔ طیارے کے رن وے سے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد پائلٹ نے احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول روم کو ایک سنگین ایمرجنسی کی اطلاع دی اور اس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ تقریباً 825 فٹ کی بلندی پر پہنچنے کے بعد طیارہ تیزی سے نیچے اترنے لگا اور جیسے ہی یہ ہوائی اڈے کے باہر میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں واقع اسپتال کے احاطے میں گرا تو اس میں آگ لگ گئی۔ کچھ غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اسپتال کے احاطے کے ہاسٹل کی عمارت میں موجود تقریباً 15 ڈاکٹرز بھی زخمی ہوئے ہیں۔حادثے کی تمام تفصیلات کو مربوط کرنے کے لیے سول ایوی ایشن کی وزارت میں ایک آپریشنل کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے ۔اس کے رابطہ نمبر 011-24610843 اور 9650391859 ہیں۔ ایئر انڈیا نے معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ہاٹ لائن نمبر 18005691444 بھی قائم کیا ہے ۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے ایکس پر لکھاکہ “ہم تمام متاثرہ افراد کو فوری ردعمل اور مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
”
موصولہ اطلاع کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ مرکز کی طرف سے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئی ہیں۔ نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) اور ایر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) کی ٹیمیں بھی احمد آباد کے لئے روانہ ہوگئی ہیں۔ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندر شیکھر نے کہا کہ ایئر لائنز نے مسافروں کے اہل خانہ کی مدد کے لیے خصوصی معلوماتی مراکز قائم کیے ہیں۔ہندوستانی ریلوے نے احمد آباد سے ممبئی، دہلی اور دیگر مقامات کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں اور ان خصوصی ٹرینوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔