معذور افراد کے بہبود کے لئے یوگی حکومت نے کھولا خزانہ

لکھنؤ:26فروری(ایجنسی) اترپردیش حکومت نے سال 2025-26 کے بجٹ میں معذور بہبود کے لئے 1424 کروڑ روپئے کی بڑی رقم تجویز میں رکھی ہے ۔ یہ تجویز نہ صرف ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ انہیں خودکفیل بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔سرکاری ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ معذور افراد کو اکثر مالی عدم استحکام کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان ضروریات کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے مینٹیننس گرانٹ اسکیم کے تحت 1424 کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے ۔ اس اسکیم کا مقصد معذور افراد کو مالی امداد فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنی روزی روٹی کے لیے کسی پر انحصار نہ کرنا پڑے ۔معذورین کی طرز زندگی کو سادہ اور آسان بنانے کے لیے ، حکومت نے مصنوعی سماعت کے آلات، وہیل چیئر، ٹرائی سائیکل اور دیگر معاون آلات کے لیے 35 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا ہے ۔ یہ اقدام انہیں نہ صرف جسمانی طور پر قابل بنائے گا بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے اب معذور افراد نئے مواقع کی طرف بڑھ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات ہر شہری کا حق ہے لیکن مالی مسائل کی وجہ سے معذور افراد اکثر مناسب علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے یوگی حکومت نے بے سہارا معذوروں کے علاج کے لیے گرانٹ اسکیم کے لیے 10 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے ۔ اس گرانٹ سے معذور افراد ضروری طبی سہولیات بروقت حاصل کر سکیں گے جس سے ان کی زندگی آسان ہو گی۔اس کے علاوہ معذور بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کو ترجیح دیتے ہوئے حکومت نے ریاست کے 18 ڈویژنوں میں بچپن ڈے کیئر سینٹر قائم کیے ہیں۔ یہ مراکز سماعت سے محروم، ذہنی معذور اور بصارت سے محروم 3 سے 7 سال کی عمر کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیم اور دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کریں گے ۔ اس سکیم کے ذریعے معذور بچوں کو مناسب رہنمائی ملے گی تاکہ وہ معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل ہو سکیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یوگی حکومت کی یہ پہل نہ صرف معذورین کو مدد فراہم کرے گی بلکہ انہیں باعزت اور خود انحصاری کی زندگی گزارنے کی ترغیب بھی دے گی۔ سی ایم یوگی کا ماننا ہے کہ ترقی کا اصل مطلب تب ہے جب سماج کے سب سے کمزور طبقے کی ضروریات پوری ہوں اور انہیں ان کے حقوق ملیں۔یوگی کی قیادت میں منریگا اسکیم کو اس طرح سے نافذ کیا گیا ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے معذور بھی خود انحصار بن سکتے ہیں۔