یوگی کے ملک کے پہلے بایو پالمر پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا

لکھیم پور کھیری:22فروری(یواین آئی)اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو یہاں کمبھی چینی مل احاطے میں بلرام پور چینی مل لمیٹیڈ کے ذریعہ2850 کروڑ روپئے کے اخراجات سے ملک کے پہلے بایو پالمر پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔یوگی نے کہا کہ حکومت نے ملک کے پہلے بائیو پلاسٹک پلانٹ کے لیے جس ایم او یو پر دستخط کیے تھے ، آج اسے نافذ کر دیا گیا ہے ۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی سرمایہ کاری ہے ۔ یہاں بنی بوتلیں، پلیٹیں، کپ اور کیری بیگ مکمل طور پر ڈسپوزایبل ہوں گے اور صرف تین ماہ میں خود بخود مٹی میں مل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا اتر پردیش کے مہا کمبھ میں شرکت کے لیے پرجوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 13 جنوری سے 22 فروری تک 60 کروڑ عقیدت مندوں نے سنگم میں اشنان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا میں یہاں سے گولا گوکرناتھ اور پھر پریاگ راج جاؤں گا، لیکن میں نے کمبھی میں ہی مہا کمبھ دیکھا۔ یہ سرمایہ کاری کامہا کمبھ ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2850 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ پلانٹ ہندوستان کا پہلا مربوط یونٹ ہوگا۔ اس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اتر پردیش حکومت یہاں کے نوجوانوں کی ہنر مندی کے لیے پلانٹ کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کرے گی، تاکہ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو براہ راست روزگار مل سکے ۔ماحولیاتی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے بے وقت بارش اور خشک سالی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیرو لیکویڈ ڈسچارج ٹیکنالوجی کو اپنا کر دریاؤں اور نہروں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ یوپی میں 45 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجویز آئی ہے ۔ اب تک 15 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور 3 سے 5 لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹ پائپ لائن میں ہیں۔ جس کی وجہ سے 7 سے 8 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلانٹ پولی لیکٹک ایسڈ (PLA) پر مبنی بائیو پلاسٹک تیار کرے گا تاکہ ماحول دوست مصنوعات جیسے کہ ڈسپوزایبل بوتلیں، کھانے کی ٹرے ، کٹلری، آئس کریم کپ اور کیری بیگز بنائیں۔ اس پلاسٹک کی خاصیت یہ ہوگی کہ یہ 3 سے 6 ماہ میں خود بخود تحلیل ہوکر مٹی میں تلف ہوجائے گا جس سے آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پلانٹ صفر مائع فضلہ کے اصول پر بھی کام کرے گا۔