دہلی سے لوٹتے ہی بھگونت مان نے بلائی کابینہ میٹنگ، پنجاب میں وزیراعلی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کے درمیان فیصلہ

نئی دہلی : دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت گرنے کے بعد یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھگونت مان کو ہٹا کر اروند کیجریوال اب پنجاب کے وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں۔ جب کیجریوال نے پنجاب کے ایم ایل ایز اور وزراء کی میٹنگ بلائی تو اس معاملے پر کافی بحث ہوئی۔ لیکن بعد میں پتہ چلا کہ یہ محض ایک رسمی ملاقات تھی، جس میں اروند کیجریوال نے دہلی میں مدد کرنے پر پنجاب کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ لیکن ایک سوال پھر بھی باقی تھا کہ پنجاب میں اتنے دنوں سے کابینہ کا اجلاس کیوں نہیں ہو رہا؟ کچھ لوگوں نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ بھگونت مان نے چار ماہ سے کابینہ کی میٹنگ نہیں کی ہے۔ لیکن دہلی سے واپس لوٹنے کے بعد بھگونت مان نے اچانک کابینہ کی میٹنگ بلالی ہے۔
یہ اطلاع پنجاب حکومت نے بدھ کو دی۔ حکومت نے کہا کہ پہلے کابینہ کی میٹنگ 10 فروری کو ہونی تھی، لیکن دہلی انتخابات اور دیگر اہم امور کی وجہ سے وزیر اعلی بھگونت مان اور وزراء کے مصروف شیڈول کے باعث کابینہ کی میٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ کابینہ کی میٹنگ جو 10 فروری کو ہونی تھی اب کل یعنی 13 فروری کو چندی گڑھ سیکرٹریٹ میں دوپہر 12 بجے ہوگی۔
سوال اس لئے پیدا ہورہا ہے کہ اس سے پہلے بھی ایک بار کابینہ اجلاس کی تاریخ تبدیل کی گئی تھی۔ اس سے پہلے یہ اجلاس 6 فروری کو ہونا تھا۔ اس کے بعد تاریخ بدل کر 10 فروری کر دی گئی اور پھر دوبارہ کابینہ اجلاس 13 فروری کر دیا گیا۔ اپوزیشن کو اس پر حملہ کرنے کا موقع مل گیا۔ کانگریس اور بی جے پی لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ عام آدمی پارٹی میں سب ٹھیک نہیں ہے۔ اسی لیے بھگونت مان کابینہ کی میٹنگ نہیں بلا رہے ہیں۔