دہلی

‘ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کیلئے آرام دہ دائرے سے باہر نکلنا ضروری: وزیر اعظم

نئی دہلی،23؍جنوری(ایجنسی)وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی 128ویں جینتی کے موقع پر کٹک میں منعقدہ ‘پراکرم دیوس تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جیسے نیتاجی نے آزادی کے لیے اپنی آرام دہ زندگی کو ترک کر کے مشکلات اور چیلنجز کو اپنایا، اسی طرح ہمیں بھی ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے اپنے آرام دہ دائرے سے باہر نکلنا ہوگا۔وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’آج نیتاجی سبھاش چندر بوس کے یومِ پیدائش کے موقع پر پورا ملک انہیں عقیدت کے ساتھ یاد کر رہا ہے۔ میں نیتاجی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس سال کے ‘پراکرم دیوس کا شاندار انعقاد ان کے جائے پیدائش میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کٹک میں ایک بڑی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں نیتاجی کی زندگی سے جڑی مختلف یادگاروں کو پیش کیا گیا ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج جب ہمارا ملک ‘ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے تو ہمیں نیتاجی کی زندگی سے مسلسل تحریک ملتی ہے۔ ان کا سب سے بڑا ہدف آزاد ہندوستان تھا، جس کے لیے انہوں نے اپنی پرتعیش زندگی کو چھوڑ کر جدوجہد کو ترجیح دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر بہترین بننے، کام میں مہارات اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نیتاجی نے آزادی کے لیے ‘آزاد ہند فوج بنائی، جس میں ملک کے ہر علاقے اور ہر طبقے کے لوگ شامل تھے۔ ان کی یکجہتی آج بھی ‘ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ایک بڑی سبق ہے۔ ہمیں ان عناصر سے محتاط رہنا ہوگا جو ملک کو کمزور اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کی حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ آزاد ہند سرکار کے 75 سال مکمل ہونے پر لال قلعے پر ترنگا لہرایا گیا۔ حکومت نے نیتاجی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں 2019 میں لال قلعے میں ان کے نام سے عجائب گھر کی تعمیر اور ‘پراکرم دیوس کا اعلان شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ’’پچھلے 10 سال میں حکومت نے تیز رفتار ترقی کے ذریعے عوام کی زندگی کو آسان بنایا ہے۔ 25 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا گیا، دیہات اور شہروں میں جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے اور ہندوستانی فوج کی طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آج عالمی سطح پر ہندوستان کی حیثیت مضبوط ہو رہی ہے۔ ہمیں نیتا سبھاش جی کے نظریے سے متاثر ہو کر ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کام کرنا ہوگا۔ یہی ان کو ہماری سچی خراج عقیدت ہوگی۔‘‘

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button