لاس اینجلس میں چھڑکا جانے والا گُلابی پاؤڈر کیا ہے اور یہ آگ بھجانے میں کتنا کارآمد ہے؟
کیلیفورنیا ،14؍جنوری(ایجنسی)امریکہ میں جنوبی کیلیفورنیا میں فائر فائٹرز متعدد مقامات پر لگنے والی خطرناک آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اسی دوران کچھ ایسی تصاویر دیکھنے میں آئی ہیں جس میں ہوائی جہاز لاس اینجلس کے نواحی علاقوں پر سُرخ اور گُلابی پاؤڈر برسا رہے ہیں۔لوگوں کی نگاہوں کو اپنی طرف مبذول کرنے والا یہ پاؤڈر اب لاس اینجلس کے متعدد علاقوں میں گھروں کے اندر، چھتوں اور گاڑیوں پر پڑا ہوا نظر آتا ہے۔یہ سرخ اور گُلابی پاؤڈر آگ کی شدت کو کم کرنے یا اسے آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔لاس اینجلس اور اس کے مضافاتی علاقوں میں لگنے والی آگ اتنی شدید ہے کہ اس کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے سبب اربوں ڈالر کے املاک کو بھی نقصان پہنچا۔جنوبی کیلیفورنیا میں حکام کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس اور اس کے اطراف میں لگی آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے گُلابی پاؤڈر کے ہزاروں گیلنز کا چھڑکاؤ کیا گیا لیکن یہ پاؤڈر ہے کیا اور یہ آگ کو قابو کرنے میں کیسے مدد کرتا ہے؟یہ پاؤڈر کیا ہے اور آگ کو قابو کرنے میں کیسے مدد کرتا ہے؟آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال ہونے والے اس پاؤڈر کا نام ’فوس-چیک‘ ہے جو ’پیریمیٹر‘ نامی کمپنی فروخت کرتی ہے۔امریکہ میں آگ پر قابو پانے کے لیے اس پاؤڈر کا استعمال سنہ 1963 سے کیا جا رہا ہے اور کیلیفورنیا کا ڈیپارٹمنٹ آف فاریسٹری اینڈ فائر پروٹیکشن بھی مدت سے اس پاؤڈر کا استعمال کر رہا ہے۔سنہ 2022 میں شائع ہونے والی ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں آگ پر قابو پانے کے لیے سب سے زیادہ استعمال اس پاؤڈر کا ہی کیا گیا۔’فوس-چیک‘ بنانے والی کمپنی پیریمیٹر نے حکام کو مشورہ دیا ہے کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں فوراً علاقے سے اس پاؤڈر کو صاف کیا جائے۔کمپنی کا کہنا تھا کہ ’یہ پاؤڈر جتنا زیادہ خشک ہوگا اسے مکمل طور پر صاف کرنا اُتنا ہی مشکل ہو جائے گا۔‘کمپنی کے مطابق گرم پانی اور ڈیٹرجنٹ کی مدد سے اسے صاف کیا جا سکتا ہے لیکن اگر یہ پاؤڈر بڑے رقبے پر چھڑکا گیا ہے تو اسے صاف کرنے کے لیے بڑے پریشر واشرز کا استعمال کرنا پڑے گا۔’فوس-چیک‘ کیسے بنایا جاتا ہے یہ واضح نہیں لیکن اسے بنانے والی کمپنی ماضی میں کہہ چکی ہے کہ اس کی تیاری میں 80 فیصد پانی، 14 فیصد نمک، رنگ اور کچھ کیمیکل استعمال کیے جاتے ہیں۔جہاں تک اس پاؤڈر کے شوخ رنگ کا تعلق ہے تو پیریمیٹر کا کہنا ہے کہ اس کو یہ رنگ پائلٹس اور فائر فائٹرز کو مدد دینے کے لیے دیا گیا۔امریکہ کی فاریسٹ سروس کے مطابق ایسا پاؤڈر آگ کو ملنے والی آکسیجن کو کم کرتا ہے اور اس سے آگ پھیلنے کی رفتار بھی کم ہوتی ہے تاہم ماضی میں اس پاؤڈر کے استعمال پر تنازعات بھی کھڑے ہوتے رہے ہیں۔سنہ 2022 میں امریکی فاریسٹ سروس کے موجودہ اور سابق ملازمین پر مشتمل ادارے ’فاریسٹ سروس امپلائیز فار انوائرنمنٹل ایتھکس‘ نے ایک مقدمے میں امریکی وفاقی ادارے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ہوائی جہاز کے ذریعے جنگلات پر اس کیمیکل کے چھڑکاؤ سے ملک میں صاف پانی کے لیے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ اس کیمیکل کے سبب مچھلیاں مر رہی ہیں اور یہ پاؤڈر آگ بھجانے کے لیے مؤثر نہیں۔اسی برس ایک ضلعی جج نے اس مقدمے میں اختیار کیے گئے مؤقف سے اتفاق کیا تھا لیکن اپنے فیصلے میں انھوں نے فاریسٹ سروس کو اجازت دی کہ وہ پاؤڈر کا استعمال کرتے رہیں کیونکہ اس کی اجازت امریکی انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے دے رکھی ہے۔یہ کیس کیلیفورنیا کے علاقے پیراڈائز اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی ان برادریوں کی توجہ کا مرکز بھی بنا جن کی املاک 2018 میں لگنے والی آگ کے سبب تباہ ہو گئی تھیں۔رواں برس امریکی فاریسٹ سروس نے این پی آر کو بتایا تھا کہ وہ ’فوس-چیک‘ کے ایل سی 95 فارمولے کا استعمال نہیں کر رہے بلکہ اب آگ پر قابو پانے کے لیے ایم وی پی-ایف ایکس فارمولے کا استعمال کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ جنگلی حیات کے لیے کم نقصان دہ ہے۔فاریسٹ سروس کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے ماحولیاتی حساس مقامات پر اس پاؤڈر کے چھڑکاؤ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس پابندی کو صرف اس وقت نظر انداز کیا جا سکتا ہے جب ’کوئی انسانی زندگی یا عوام کی حفاظت خطرے میں ہو۔‘