کھیل

’سنچورین پارک میں جس معجزے کا پاکستان کو انتظار تھا

سنچورین ،28؍دسمبر(ایجنسی)سینچورین پارک کے اطراف سے بہتی، سہ پہر کی خنک ہوائیں دھیرے دھیرے اپنی وہ رفتار کھونے لگی تھیں جو لنچ کے سیاق و سباق میں پاکستان کو میچ میں واپس لا رہی تھی۔ کوربن بوش یہ بھانپ گئے مگر شان مسعود خطا کھا گئے۔پچھلی شام کے ڈھلتے سایوں میں جب محمد عباس کی ایک گیند نے اگلی لینتھ سے اچانک غیر متوقع دھیما باؤنس اور تاخیری سوئنگ پائی تو وہاں ٹرسٹن سٹبز کا قطعی دوش نہ تھا کہ ایسے باؤنس والی پچ پر کسی ایک گیند کا اچانک یوں بیٹھ جانا سبھی کے لیے حیرت کا سبب تھا۔مگر اس ایک انہونی سے پاکستان یہ سمجھ بیٹھا کہ ساری کی ساری پچ ویسا ہی برتاؤ کرے گی جو اس ایک ’غیر مہذب‘ کھدرے نے کیا تھا۔ اسی سوچ پر پاکستانی تھنک ٹینک نے اپنے وہ عزائم ترتیب دے ڈالے جن سے دوسری صبح باوومہ اور مارکرم کی آزمائش کرنا تھی۔جبھی دوسری صبح گیند خرم شہزاد اور عامر جمال کی بجائے محمد عباس اور نسیم شاہ کو تھمائی گئی کہ وہ سٹمپس کے اندر رہتے ہوئے صرف اس پچ کی معجزہ کاریوں کا انتظار کریں لیکن نسیم شاہ اپنے اہداف سے خطا کھاتے رہے۔محمد عباس نے البتہ اپنے کنارے سے عہد نبھایا اور رنز کے بہاؤ پر گرفت کیے رکھی۔ مگر پاکستان کے خیالات کے برعکس، اس پچ میں کوئی ایسے اسرار باقی نہ تھے جو باوومہ اور مارکرم پر منکشف نہ ہو پاتے۔پہلے ایک گھنٹے میں پاکستانی بولرز بلے کے کناروں کو آزمانے میں تسلسل نہ دکھا پائے اور جس معجزے کا پاکستان کو انتظار تھا، وہ ہو نہ پایا۔ان ٹامک ٹوئیوں کے جواب میں مارکرم نے جارحیت سے اپنی برتری مستحکم کی۔ باوومہ کے ہمراہ ان کی ٹھوس ساجھے داری تبھی ٹوٹ پائی جب عامر جمال نے پے در پے آف سٹمپ کے باہر دعوت نامے ڈال کر اس قدر اکسایا کہ باوومہ کے صبر کو لبریز ہونا ہی پڑا۔جوں جوں بوش کے بازو کھلتے گئے، واضح ہوتا چلا گیا کہ ’کراس ونڈز‘ کی رفتار میں کمی اور سوئنگ کی غیر موجودگی میں اس پچ پر پیس سے نمٹنا کوئی مسئلہ نہ تھا۔ وہاں فقط رنز کا بہاؤ باندھنے کو وہ پالیسی اپنانے کی ضرورت تھی جو محمد عباس ہی نے پہلے سیشن میں دکھائی تھی۔مگر جب تک شان کے خیالات بدلتے اور محمد عباس اٹیک میں واپس آتے، تب تک بوش اپنے قدم جما چکے تھے اور بتدریج بلے بازی کو سازگار ہوتی اس پچ پہ وہ پاکستانی خواب چکنا چور کرتے جا رہے تھے۔جب خرم شہزاد نے مارکرم کو سینچری سے چار قدم پیچھے ڈھیر کر دیا، تب بھی پاکستان کو موقع تھا کہ وہ جنوبی افریقی پیش قدمی وہیں روک دیتا اور کسی بڑے خسارے سے بچتے ہوئے اس امید افزا تیسری اننگز کی جانب بڑھتا جسے بالاخر اس میچ میں فیصلہ کن ٹھہرنا ہے۔گرین ٹاپ پچز کی دلچسپ خاصیت ہے کہ یہ زندگی سے بھرپور سطحیں میچ کی چوتھی اننگز تک اتنی سر سبز و شاداب نہیں رہتیں کہ گیند پرانا نہ ہو پائے اور ریورس سوئنگ کسی جمع تفریق میں نہ آئے۔ایسی پچز پہ پہلے دو روز کی مارا ماری کے بعد تیسرا دن ہی وہ مرحلہ ہوتا ہے جو بلے بازی کے لیے قدرے سازگار ہوتا ہے۔ پاکستان اس مرحلے میں پر اعتماد داخل ہو سکتا تھا مگر کوربن بوش کی یلغار نے پاکستان کے امکانات محدود کر دیے۔گو نئی گیند کی کاٹ جھیلنے میں دو تین وکٹوں کی قربانی تو غیر متوقع نہ تھی مگر جو رنز پاکستان ان کے بدلے حاصل بھی کر پایا، وہ پچھلی اننگز کا خسارہ چُکانے کو ہی کم پڑ گئے۔اب ساری امیدوں کا بوجھ بابر اعظم پر ہے جنھیں ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی نصف سینچری کیے ہوئے بھی مہینوں بیت چکے ہیں۔ گو ایسے اعداوشمار کا بوجھ کسی بھی بلے باز کے لیے آسان نہیں ہوتا لیکن اگر یہاں وہ اس ذہنی بوجھ سے نمٹنے کو اٹھ کھڑے ہوئے تو پھر شاید ان کے ساتھ ہی پاکستان بھی واپس اٹھ کھڑا ہو۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button